سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)

محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سیالکوٹ کے سینئر آڈیٹر اور ڈپٹی اکاؤنٹنٹ کو رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ اسٹیبلشمنٹ کے سرکل آفیسر رانا مبشر علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کامیاب ٹریپ ریڈ کیا۔ کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سیالکوٹ کے سینئر آڈیٹر سکندر اقبال کو 6 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ ڈپٹی اکاؤنٹنٹ سفیر عباس کو 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے رشوت کی رقم کے نشان زدہ کرنسی نوٹ برآمد کر لیے ہیں۔ اینٹی کرپشن پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


