سیالکوٹ (بیورو رپورٹ، سلیم احمد اعوان شیخو)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت وٹو کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں رواں ماہ کے پہلے 6 روز کے دوران گراں فروشی کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 6 روز کے دوران گراں فروشوں کے خلاف 1,572 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور مجموعی طور پر 4 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ بریفنگ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مارکیٹوں، دکانوں اور مختلف کاروباری مراکز میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور نرخ ناموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 13 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں، جن کے دوران مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی، گراں فروشی اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔


