کیلے فورنیا :مائیکروسافٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے سروس تعطل کے بعد کمپنی نے ’کوڈ ریڈ‘ کے نام سے ہنگامی مہم شروع کر دی ہے۔ 12 اور 13 نومبر کو ہونے والی اس بندش کے باعث دنیا بھر میں ای میل، ویڈیو کالز اور دیگر ڈیجیٹل خدمات متاثر ہوئیں، جس سے سرکاری اداروں، کاروباری کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کمپنی کے اندرونی میموز کے مطابق، اس مہم کا مقصد مستقبل میں ایسی خرابیوں کو روکنا اور کسی بڑے تکنیکی مسئلے کی صورت میں خدمات کی بحالی تیز کرنا ہے۔ مائیکروسافٹ نے مستقبل میں عالمی سطح پر ایک گھنٹے کے اندر خدمات بحال کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، مائیکروسافٹ کی خدمات دو دن تقریباً 24 گھنٹے تک متاثر رہیں۔ اس دوران آسٹریلیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں سرکاری اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مالیاتی کمپنیوں کی تجارت میں تاخیر ہوئی اور فضائی کمپنیوں کے رابطے بھی متاثر ہوئے۔
اس بندش نے اہم ڈیجیٹل نظاموں پر بڑھتے ہوئے انحصار اور ان کی کمزوریوں سے متعلق خدشات کو بھی جنم دیا۔ مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ اس واقعے کا تعلق کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے نہیں تھا۔
کمپنی کے مطابق، اس خرابی کی وجہ ونڈوز کے نظام میں ایک تکنیکی خامی تھی، جو جولائی میں متعارف ہوئی لیکن بروقت سامنے نہیں آ سکی۔ مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ستیا ناڈیلا نے بھی اس خلل پر عوامی طور پر معذرت کی تھی۔
مائیکروسافٹ 365 کے بنیادی نظام کے سربراہ جیسن ہینڈرسن نے جمعے کو ملازمین کو بھیجے گئے میمو میں اس واقعے کو ایکسچینج آن لائن کی تاریخ کا صارفین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا واقعہ قرار دیا۔
ایکسچینج آن لائن مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ پر مبنی ای میل سروس ہے، جس کے ذریعے صارفین انٹرنیٹ پر اپنے ای میل اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ آؤٹ لک، ٹیمز، کوپائلٹ اور مائیکروسافٹ 365 کی دیگر خدمات بھی متاثر ہوئیں۔
ہینڈرسن کے مطابق، اس سے پہلے کبھی اتنے زیادہ صارفین اتنی طویل مدت تک ای میل کی سہولت سے محروم نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوڈ ریڈ کا مطلب ہے کہ اس کام کو کمپنی کی ٹیموں کے لیے سب سے زیادہ ترجیح حاصل ہے۔


