جھڈو (رپورٹ / قیصر راجہ راجپوت)

گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج جھڈو میں محکمہ کالج ایجوکیشن حکومتِ سندھ کی ہدایات پر پاکستان کے پہلے خلاباز کے تاریخی خلائی مشن کے حوالے سے قومی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر طلبہ کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون، خلائی تحقیق، جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ مہم کے آغاز پر کالج میں نصب بڑی اسکرین پر خلائی مشن کے سلسلے میں خلابازوں کی روانگی کے مناظر براہِ راست دکھائے گئے، جنھیں طلبہ اور اساتذہ نے گہری دلچسپی سے دیکھا۔ اس کے علاوہ کالج کے مرکزی دروازے اور مختلف نمایاں مقامات پر مہم کے خصوصی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر فاروق احمد قائم خانی نے کہا کہ خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کسی بھی ملک کی سائنسی اور قومی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون ملک کے نوجوانوں کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھول رہا ہے۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سائنس، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دلچسپی لیں اور علم و تحقیق کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنائیں۔کالج انتظامیہ کے مطابق اس قومی مہم کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں سائنسی شعور، تحقیق و جستجو اور جدید ٹیکنالوجی سے دلچسپی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں سائنس اور تحقیق کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔


