تحریر: میاں حبیب
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے

ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ سیاسی منظرنامے میں اب محض باتوں اور تھیوری کے بجائے عملی اقدامات کا وقت آن پہنچا ہے۔ ممکنہ ریفرنڈم کی تیاریوں نے سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے، مگر اس سارے کھیل کا اصل نقطۂ مرکز صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور ان کے "دو بیٹوں” کے متضاد مفادات نظر آتے ہیں۔
اس صورتحال کو سمجھنے کے لیے ایک پرانی کہاوت ذہن میں آتی ہے کہ ایک کمہار کی دو بیٹیاں تھیں؛ ایک زمیندار کے گھر بیاہی گئی اور دوسری مٹی کے برتن بنانے والوں کے گھر۔ بزرگ کمہار پہلے بڑی بیٹی کے پاس گیا تو اس نے دعا کی التجا کی کہ کھیتوں میں گندم بو دی ہے، دعا کریں اگر بارش ہو جائے تو فصل بہت اچھی ہو جائے گی ہمارے دن بدل جائیں گے۔ چند دن بعد وہ چھوٹی بیٹی کے پاس گیا تو اس نے التجا کی کہ ابا جی ہم نے اس بار بڑی تعداد میں برتن بنا کر رکھے ہیں، دعا کیجیے بارش نہ ہو تاکہ مال خشک ہو کر تیار ہو سکے۔ بوڑھا باپ شش و پنج میں مبتلا ہو گیا کہ دونوں بیٹیاں عزیز ہیں، مگر دونوں کی خواہشات ایک دوسرے کی ضد ہیں۔
ٹھیک یہی کیفیت آج کل صدر آصف علی زرداری کو درپیش ہے۔ ایک طرف ان کے حقیقی بیٹے بلاول بھٹو زرداری ہیں جن کا خدشہ ہے کہ اگر ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبوں کی بحث چھڑی اور سندھ تقسیم ہوا تو ان کی سیاست بھی تقسیم ہو جائے گی۔ ان کی خواہش ہے کہ جس طرح نئی نہروں کا معاملہ ٹالا گیا، اسی طرح یہ ایشو بھی اگلی حکومت پر ڈال دیا جائے۔ دوسری طرف ان کے "منہ بولے بیٹے” محسن نقوی کا معاملہ ہے، جن کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے قیام پر اتفاقِ رائے کریں اور اس کے لیے اگر صدرِ مملکت اپنا کردار ادا کریں تو ان کا راستہ آسان ہو سکتا ہے۔ صدر زرداری صاحب اب دونوں بیٹوں کی خواہش میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ظاہر یہی ہوتا ہے کہ زرداری صاحب دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ دونوں کے راستے جدا دکھائی دیتے ہیں۔ ایک جانب مقتدرہ سے قربت اور انتظامی فیصلوں کی بدولت محسن نقوی کے امکانات روشن بتائے جا رہے ہیں—اور اگر نئے صوبوں کا ایجنڈا آگے بڑھتا ہے تو وہ مستقبل کے بڑے مناصب کے مزید قریب ہو سکتے ہیں—تو دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری مزاحمت کے لیے پر تولتے نظر آتے ہیں۔
تاہم، پاکستان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ مفاہمت کے بادشاہ کہلانے والے آصف علی زرداری نے ہمیشہ بند گلی سے راستہ نکالنے کا فن دکھایا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس بار بھی وہ کوئی درمیانی راستہ نکال کر سندھ کارڈ اور طاقت کے مراکز کے درمیان توازن برقرار رکھ پائیں گے؟ پیپلز پارٹی کی اندرونی سیاست میں بھی یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ اگر وفاق کی سیاست میں حصہ لینے کی قیمت صوبائی شناخت یا ووٹ بینک کی کمزوری کی صورت میں چکانی پڑی تو یہ سودا گھاٹے کا ثابت ہو سکتا ہے۔
آصف زرداری کی دلی خواہش بلاول کو وزیراعظم بنتے دیکھنے کی رہی ہے، تاہم بلاول کا سخت اور ٹکراؤ والا انداز انہیں اقتدار کی دوڑ میں مزید پیچھے بھی دھکیل سکتا ہے۔ اس دوران بڑی سیاسی جماعتوں کو اپنی سیکنڈ لئیر قیادت کے متاثر ہونے کے خدشات لاحق ہیں، جبکہ چھوٹی جماعتوں اور پرانے چہروں کو نئی صف بندی میں اہم کردار ملنے کی چہ مگوئیاں بھی سرگرم ہیں۔
سیاسی حلقوں میں یہ خدشات بھی زیرِ بحث ہیں کہ اگر معاملات اسی طرح الجھے رہے تو نظام کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم یا وزرائے اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد یا تبدیلی نسبتاً آسان ہے، مگر صدرِ مملکت کے خلاف مواخذہ عملی طور پر انتہائی مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی ممکن نہیں ہو سکی۔
دوسری طرف عوامی سطح پر مہنگائی، معاشی دباؤ اور انتظامی مسائل نے پہلے ہی سیاسی جماعتوں کی ساکھ کو کڑے امتحان میں ڈال رکھا ہے۔ ایسے میں نئے صوبوں یا ریفرنڈم جیسا حساس موضوع چھیڑنا ایک ایسی چنگاری ثابت ہو سکتا ہے جو پورے سیاسی ماحول کو اپنی لپیٹ میں لے لے۔ یہی وجہ ہے کہ اتحادی جماعتیں بھی پھونک پھونک کر قدم رکھ رہی ہیں اور ہر فریق دوسرے کے پتے کھلنے کا انتظار کر رہا ہے۔
عالمی حالات کے اثرات بھی اپنی جگہ موجود ہیں اور اندرونِ ملک سب کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کتنی تیزی سے ریفرنڈم کی طرف بڑھتی ہے یا پیپلز پارٹی اپنی سیاسی چالوں سے اس عمل کو مؤخر کرانے میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔ اس نئی کشمکش میں تحریکِ انصاف کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہونے اور پنجاب کے چوہدریوں کے کردار میں اضافے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ فروری اور مارچ تک کی مدت سیاسی اعتبار سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے—اب دیکھنا یہ ہے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔


