لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں اختیارات سے تجاوز، لوٹ مار اور شہری پر جان لیوا تشدد کے سنگین الزامات کے تحت معطل شدہ پولیس کانسٹیبل کے خلاف تھانہ غازی آباد میں اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق ملزم کانسٹیبل طالب حسین کو باضابطہ طور پر حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اس واردات میں ملوث اس کے نامعلوم ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تھانہ غازی آباد میں درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم کانسٹیبل طالب حسین اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ ایک نجی دفتر کے پارکنگ اسٹینڈ پر پہنچا، جہاں اس نے ایل ڈی اے اسٹینڈ پر کام کرنے والے بابر نامی شہری کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی۔
مدعیِ مقدمہ کے مؤقف کے مطابق تلاشی کے دوران پولیس اہلکار نے شہری کی جیب سے نقدی نکال کر اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، جس پر متاثرہ شہری نے مزاحمت کی اور اہلکار کو روکا۔ اس بات پر ملزم کانسٹیبل طیش میں آ گیا، جھگڑا شروع کیا اور مبینہ طور پر چاقو نکال کر شہری بابر پر پے در پے وار کر دیے، جس کے نتیجے میں وہ شدید لہولہان ہو کر زمین پر گر پڑا۔
واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پولیس فورس میں اختیارات سے تجاوز، بدعنوانی اور شہریوں سے ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وردی اور اختیارات عوام کے تحفظ کے لیے دی گئی ایک امانت ہیں اور اہلکاروں کو ان کا درست استعمال یقینی بنانا ہوگا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں اندرونی احتساب اور خود احتسابی کے عمل کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور فورس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی کالی بھیڑوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


