چنیوٹ (فرحان بلال سے)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع چنیوٹ میں ماحولیاتی بہتری اور سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے لیے فیصل آباد–چنیوٹ ون وے روڈ کے میڈین پر بڑے پیمانے پر شجرکاری جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے اس مہم میں میونسپل کمیٹی چنیوٹ، ڈسٹرکٹ کونسل چنیوٹ، محکمہ جنگلات اور نجی شعبے کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مرکزی شاہراہ کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔شجرکاری مہم کے تحت مختلف حصوں کی ذمہ داریاں طے کی گئی ہیں: میونسپل کمیٹی چنیوٹ کی جانب سے میڈین پر کارپٹ گھاس بچھائی گئی ہے اور مختلف اقسام کے آرائشی پودے لگائے گئے ہیں۔ تقریباً دو کلومیٹر طویل اس حصے میں فلانتھروپی کے تحت نجی شعبے کا تعاون لیا گیا ہے اور شجرکاری کا کام اقبال رائس ملز کے سپرد کیا گیا ہے۔ اس حصے پر شجرکاری کی ذمہ داری میونسپل کمیٹی چنیوٹ نبھا رہی ہے۔ یہاں محکمہ جنگلات اور ڈسٹرکٹ کونسل چنیوٹ کی جانب سے شجرکاری جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کی کاوشوں سے فلانتھروپی کے ذریعے فراہم کیے گئے پودے ڈسٹرکٹ کونسل کا عملہ لگا رہا ہے، جہاں تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی 10 فیصد حصے میں مٹی ڈالنے کے بعد پودے لگا دیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں محکمہ جنگلات اور نجی شعبے کے اشتراک سے مختلف اقسام کے آرائشی پودے لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سرکاری محکموں اور نجی شعبے کی یہ مشترکہ کاوش تکمیل کے بعد فیصل آباد–چنیوٹ روڈ کو دیدہ زیب بنانے کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔


