نواب شاہ (بیورو رپورٹ: نفیس آرائیں)

جمعیت علمائے اسلام (ف) ضلع شہید بینظیر آباد کی جانب سے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمان کے گھر کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کی مبینہ پامالی، ویڈیو بنانے اور مولانا فضل الرحمان سمیت علماء کرام کے خلاف منفی مہم اور کردار کشی کے خلاف نواب شاہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی ریلی جامع مسجد اللہ والی، سکرنڈ روڈ سے روانہ ہوئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب نواب شاہ پہنچی۔ ریلی کی قیادت مولانا عبدالقیوم چنہ، عبدالرشید پریہار، مولانا احمد جمالی، مولانا عبدالحق بروہی، مولانا حافظ محمد ہاشم چانڈیو، مولانا بشیر احمد چانڈیو، مولانا غلام مصطفیٰ چانڈیو، مولانا احسان اللہ بروہی، مولانا نور اللہ بروہی، مولانا قاسم علی رند، مولانا شاہد حسین جوکھیو، شاہنواز مگسی اور مولانا عبیداللہ بروہی نے کی۔پریس کلب نواب شاہ پہنچنے پر مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے دھرنا دیا اور شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے مولانا فضل الرحمان اور علماء کرام کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے، جس پر کارکنان اور رہنماؤں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔


