تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے

کھیل کسی بھی معاشرے کی مثبت پہچان، نوجوان نسل کی کردار سازی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ہوتے ہیں۔ کھیلوں کے میدان نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ان میں محنت، نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور آگے بڑھنے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جن معاشروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو اہمیت دی جاتی ہے، وہاں نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔ اسی تناظر میں سپورٹس کمپلیکس میلہ گراؤنڈ جوہرآباد میں لاہور قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت منعقد ہونے والے کرکٹ ٹرائلز ضلع خوشاب کے لیے ایک قابلِ تحسین اور خوش آئند سرگرمی قرار دیے جا سکتے ہیں۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شروع کیا جانے والا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام درحقیقت ان نوجوانوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے جو کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھنے کا خواب تو رکھتے ہیں، لیکن مناسب مواقع، وسائل اور رہنمائی نہ ہونے کے باعث اپنی صلاحیتوں کو قومی سطح پر متعارف نہیں کروا پاتے۔ اس پروگرام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کے ذریعے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ضلع خوشاب میں ان ٹرائلز کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
اس شاندار کھیلوں کی سرگرمی میں اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان، وزیراعظم پاکستان کے مشیر بلال کیانی اور لاہور قلندرز کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا کی خصوصی شرکت نے ایونٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک طاہر علی، اراکین و سابق اراکین اسمبلی اور دیگر معزز شخصیات نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانوں کی آمد، نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات اور ان کی حوصلہ افزائی نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے ٹرائلز کے مختلف مراحل کا معائنہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ان کا یہ پیغام انتہائی حوصلہ افزا تھا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع، تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کی مہمان ٹیم اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی سپورٹس کمپلیکس میلہ گراؤنڈ جوہرآباد آمد بھی خصوصی اہمیت کی حامل تھی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی موجودگی نے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک خوشگوار اور حوصلہ افزا ماحول پیدا کیا۔ ان کھلاڑیوں نے خوشاب آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹرائلز کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ یقیناً ایسے مواقع نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور انہیں عالمی کرکٹ کے ماحول سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ خوشاب کا کردار بھی قابلِ تحسین ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی ہدایات پر ایونٹ کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔ صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ پولیس، اسپیشل برانچ، سیکیورٹی برانچ، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کیں۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کھیلوں کی اس سرگرمی کو محض ایک تقریب سمجھنے کے بجائے اسے ایک اہم ضلعی ایونٹ کے طور پر لیا اور اس کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔
تقریب میں وزیراعظم کے مشیر بلال کیانی، اٹارنی جنرل ملک منصور عثمان اعوان، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ڈی پی او ملک طاہر علی، رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد آصف بھاء، ملک امیر حیدر سنگھا، سابق سینیٹر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، انجینئر ملک طاہر ندیم بگھور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اور دیگر معزز شخصیات کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ ضلع میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف حلقے یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بعد ازاں اٹارنی جنرل پاکستان ملک منصور عثمان اعوان، لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی میڈیا نمائندگان سے گفتگو نے بھی اس پروگرام کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیا۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس جوہرآباد میں معزز مہمانوں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا کی جانب سے یہ اعلان کہ ٹرائلز اسی روز مکمل کرکے کامیاب نوجوان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا، ان نوجوانوں کے لیے مزید خوشی اور امید کا باعث بنا جو اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھنے کے خواہش مند ہیں۔
میرے نزدیک لاہور قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا خوشاب میں انعقاد محض کرکٹ ٹرائلز تک محدود نہیں بلکہ یہ ضلع کے نوجوانوں کے لیے ایک نئے کھیلوں کے مستقبل کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔ ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں بے شمار ایسے نوجوان موجود ہیں جن میں کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ اگر انہیں مسلسل مواقع، جدید تربیت اور سرپرستی فراہم کی جائے تو یہ نوجوان مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے پروگراموں کا انعقاد ضلع خوشاب میں مستقل کھیلوں کے مقابلوں کو فروغ دیا جائے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
بلاشبہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ، بالخصوص عاطف رانا اور ثمین رانا کی نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ خوشاب اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ محنت بھی لائقِ تحسین ہے۔ اگر اس جذبے اور تعاون کو برقرار رکھا جائے تو وہ دن دور نہیں جب ضلع خوشاب کے کسی گاؤں، قصبے یا شہر سے تعلق رکھنے والا کوئی نوجوان کرکٹ کے عالمی میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کرتا دکھائی دے گا۔
یقیناً ٹیلنٹ کی کوئی جغرافیائی حدود نہیں ہوتیں، ضرورت صرف اسے پہچاننے، نکھارنے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنے کی ہے۔ خوشاب میں لاہور قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اسی روشن مستقبل کی جانب ایک مثبت اور قابلِ فخر قدم ہے۔


