اسلام آ باد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان جلد معاہدہ طے پانے کے امکان پر امید کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری مشرق وسطیٰ کے خطے میں اس تنازعے کے مزید طویل عرصے تک جاری رہنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
اسحاق ڈار نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ جلد سفارتی پیش رفت کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پرامید ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ہم جلد یا بدیر یہ ہدف حاصل کر لیں گے تاہم میری امید ہے کہ یہ جلد ہو گا۔
انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ جنگ کے تسلسل سے توانائی کی فراہمی کے سلسلوں میں خلل پڑا ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے نیز عوام کی مشکلات میں بھی شدت آئی ہے۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ اس تنازع کے اثرات اب صرف اس کے فریقین تک محدود نہیں رہے بلکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک تک پھیل چکے ہیں۔
18 جون کو طے پانے والے معاہدے کے بعد ہونے والی خلاف ورزیوں کے باوجود اسحاق ڈار نے زور دے کر کہا کہ اسلام آباد نے ثالثی کی کوششیں ترک نہیں کیں اور وہ اب بھی واشنگٹن اور تہران پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور امن کے راستے کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے کام کریں۔
وزیر خارجہ نے دونوں فریقین کے نقطہ نظر کو قریب لانے کے لیے اپنے ملک کی جانب سے پس پردہ کی جانے والی سفارتی سرگرمیوں کی ایک جھلک بھی پیش کی اور اسلام آباد کی آزادانہ و کثیر الجہتی خارجہ پالیسی پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے 28 فروری کو دشمنانہ کارروائیوں کے آغاز سے ہی متحرک کردار ادا کیا اور وہ اسرائیلی حملے کی مذمت کرنے والا پہلا ملک تھا۔نیز نشاندہی کی کہ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رابطہ کرنے میں پہل کی، ضبط و تحمل کی اپیل کی اور خلیجی ممالک و مشرق وسطیٰ کے خطے کو نشانہ بنانے سے خبردار کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں 10 اور 11 اپریل کو اپنے عروج پر پہنچ گئیں جب اسلام آباد نے 47 برسوں میں پہلی بار امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست روبرو مذاکرات کی میزبانی کی۔
اسی طرح اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ یہ مذاکرات 21 گھنٹے کی طویل اور شدید بات چیت پر مشتمل تھے جس کے دوران دونوں فریق معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے، تاہم اس سے قبل کہ معاہدہ طے پاتا ایک وفد نے اپنی قیادت سے مشاورت کے لیے اپنی شرکت معطل کر دی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی مسلسل ثالثی کے نتیجے میں بالآخر 18 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر نے اس معاہدے کے فریم ورک پر اس وقت بالواسطہ دستخط کیے جب ٹرمپ یورپ میں ’جی سیون‘ سربراہی اجلاس میں شریک تھے۔
اسحاق ڈار نے فریقین کو جنگ کے خاتمے کے لیے کسی تصفیے تک پہنچانے کی خاطر پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سرگرمیاں جلد ایک ایسے معاہدے پر منتج ہوں گی جو کشیدگی اور اس کے علاقائی و عالمی اثرات کا خاتمہ کر دے گا۔
واشنگٹن اور تہران کے درمیان جلد معاہدہ طے پانے کی امید ہے: پاکستان


