انقرہ: ترکیہ کے شمالی ساحلی صوبے ریزے میں ایک ندی سے لہورنگ پانی جاری ہونے کے پُراسرار واقعے نے شہریوں میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پھیلا دیا۔ سوشل میڈیا پر سرخ پانی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ماحولیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ترک حکام اور ماحولیاتی تحفظ کے اداروں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پانی کے رنگ میں یہ غیر معمولی تبدیلی کسی قدرتی آفت کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک مقامی فیکٹری کی مجرمانہ غفلت کا شاخسانہ ہے۔
تحقیقات کے مطابق مذکورہ فیکٹری کی جانب سے غیر قانونی طور پر صنعتی فضلہ اور کیمیکل آمیز مواد براہِ راست آبی گزرگاہ میں خارج کیا جا رہا تھا، جس کے باعث ندی کا صاف پانی سرخ رنگت اختیار کر گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور وزارتِ ماحولیات کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ آبی آلودگی پھیلانے اور ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ فیکٹری کے خلاف فوری انتظامی و قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
حکام نے پانی کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ آبی حیات اور مقامی ماحول پر پڑنے والے ممکنہ منفی اثرات کا جائزہ لیا جا سکے، جبکہ ذمہ دار یونٹ پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ فضلے کے اخراج کو فوری طور پر بند کروا دیا گیا ہے۔


