جھڈو (رپورٹ: قیصر راجہ راجپوت)
سندھ ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص نے علاقے کے عوام کا 14 سالہ طویل انتظار ختم کرتے ہوئے میرپورخاص میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام اور اسے فعال کرنے کا تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے۔جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس نثار احمد بھنبھرو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جھڈو کے رہائشی و میرپورخاص ڈویژن کے نامور قانوندان ایڈووکیٹ میر پرویز اختر تالپور اور دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سماعت کے بعد اسے منظور کر لیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ میرپورخاص میں میڈیکل کالج کی پہلے سے تعمیر شدہ عمارت کو فوری فعال کیا جائے اور اس کے لیے درکار فنڈز جاری کیے جائیں۔عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ اس منصوبے کی منظوری 2012 میں 2049 ملین روپے کی لاگت سے دی گئی تھی اور 2018 تک عمارت بھی تقریباً مکمل ہو چکی تھی، تاہم 14 سال گزرنے کے باوجود اسے فعال نہ کیا جانا حیران کن اور افسوسناک ہے۔ عدالت نے محکمہ صحت حکومتِ سندھ کو حکم دیا ہے کہ میرپورخاص میں گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کر کے تعلیمی سال 2028 سے باقاعدہ کلاسز کے آغاز کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ بینچ نے واضح کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر عائد 3 سالہ پابندی تھرپارکر ریجن بشمول میرپورخاص پر لاگو نہیں ہوتی، کیونکہ میرپورخاص تھرپارکر ریجن کا ہیڈکوارٹر ہے۔ عدالت نے حکومتِ سندھ کو ہدایت کی کہ نئے میڈیکل کالج کے لیے نشستیں سندھ کے دیگر سرکاری میڈیکل کالجز کی نشستوں سے الگ اور آزادانہ طور پر مختص کی جائیں۔عدالت عالیہ نے فیصلے کی نقل فوری تعمیل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس تاریخی کامیابی پر ایڈووکیٹ میر پرویز اختر تالپور کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

