مس یونیورس ویتنام 2026ء کا خطاب جیتنے والی کوئن آئن نگوین سے مبینہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں، لیک ہونے والی متنازع چیٹ اور معاہدے کی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے باعث تاج واپس لے لیا گیا ہے، جبکہ مقابلے کی انتظامیہ نے اس سے قبل اکتوبر میں ان پر 6 ماہ کی پابندی بھی عائد کی تھی۔
منتظم کمپنی فائیو سکس انٹرٹینمنٹ کے جنرل ڈائریکٹر فام دوی خانح کے مطابق نگوین نے ذہنی صحت کے مسائل کا حوالہ دے کر آرام کے لیے وقت مانگا اور معاہدے کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے معذوری ظاہر کی، تاہم اس کے باوجود وہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مختلف تقریبات میں شریک ہوتی رہیں جس سے مقابلے کی ساکھ متاثر ہوئی، جبکہ اکتوبر میں سوشل میڈیا پر ان کی اور پہلی رنر اپ ترن مائی انہ کی نامناسب تبصروں پر مبنی گفتگو کے سکرین شاٹس بھی سامنے آئے تھے۔ واضح رہے کہ انعقاد کے حقوق کے تنازع کے باعث نگوین کو پہلے ہی مس یونیورس 2026ء میں ویتنام کی نمائندگی کے لیے نااہل قرار دیا جا چکا تھا، جس کے بعد اب ویتنام 2014ء کے بعد یعنی 12 سال میں پہلی بار مس یونیورس کے عالمی مقابلے میں اپنا کوئی امیدوار نہیں بھیجے گا۔

