دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)

تھانہ واڑی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 3 ہزار 273 گرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز خان مروت (PSP) کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ واڑی جوہر علی خان نے پولیس نفری کے ہمراہ مخبر خاص کی اطلاع پر کامیاب کارروائی عمل میں لائی۔ کارروائی کے دوران ملزم مصباح اللہ ولد سرفراز سکنہ ساگی مہمند کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 ہزار 273 گرام اعلیٰ کوالٹی کی افیون برآمد کر لی گئی۔
پولیس نے برآمد شدہ منشیات کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ واڑی میں مقدمہ نمبر 422 مورخہ 20 نومبر 2026ء، بجرم دفعہ 9(5)(D) CNSA کے تحت درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کے مستقبل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

