بلوچستان (رحمت اللہ بلوچ / بیورو چیف بے نقاب نیوز)
چاغی کے مقامی شہری مولوی بلال کے گھر بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جن میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
بیک وقت چار نومولود بچوں کی آمد نے خاندان میں خوشیوں کی لہر دوڑا دی ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی والدین کی ذمہ داریوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ مولوی بلال کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس نعمت پر وہ بے حد خوش اور شکر گزار ہیں، لیکن موجودہ معاشی حالات میں چاروں بچوں کی بیک وقت پرورش، خوراک، علاج معالجے اور دیگر ضروریات پوری کرنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
متاثرہ والد نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کے خاندان کی خصوصی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت اور کفالت کر سکیں۔



