لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ پریس کانفرنس، نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کی تجویز، اور 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں ‘سیاسی قیدیوں’ سے متعلق بیانات پر تفصیلی اور دوٹوک ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے خالق ذوالفقار علی بھٹو خود ہیں، لہٰذا آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت عوام کی رائے یا ریفرنڈم کی بات کرنا غیر آئینی کیسے ہو سکتا ہے؟
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے نئے صوبوں کے حوالے سے مختلف افواہیں اور بحث جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک بک فیئر میں صحافیوں کے سوال پر انہوں نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا کہ صوبوں کے اصل مالک عوام ہیں اور اللہ کی حاکمیت کے بعد حقِ حکمرانی عوام کے پاس ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2012 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے خود قومی اسمبلی میں پنجاب کی تقسیم کی قرارداد منظور کی تھی، لیکن جب بات سندھ کی آتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ تقسیم نہیں ہو سکتی اور خون بہے گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث اصل میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، خطِ غربت سے نیچے جانے والے عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد اور گورننس کے مسائل کی وجہ سے شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہری اور دیہاتی علاقوں میں بچوں کی تعلیم پر خرچ ہونے والے وسائل میں زمین آسمان کا فرق ہے، اور ڈپٹی کمشنر کے پاس موجود اختیارات منتخب عوامی نمائندوں کے پاس کیوں نہیں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مرکزی قیادت کو کرنا ہے کہ آیا ایک وزیراعلیٰ اتنا بڑا صوبہ چلا سکتا ہے یا نہیں، تاہم ارکانِ اسمبلی میں اس معاملے پر اضطراب پایا جاتا ہے اور اس پر بات چیت ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے بیان پر سخت اختلاف کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ 29 چھاؤنیوں کو جلانا اور میرے گھر کو آگ لگانا کسی کا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں 29 عسکری تنصیبات پر ایک ساتھ حملہ ہو تو اسے سیاسی عمل نہیں بلکہ ایک طے شدہ منصوبہ قرار دیا جاتا ہے، اور اگر اس کی اجازت دے دی جائے تو ملک اپنی اصل صورت میں باقی نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو ایک بڑی جمہوری شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی، پہلگام کے جھوٹے الزام اور 10 مئی کی جنگ کے دوران بلاول بھٹو نے پارلیمان میں پاکستان کا بہترین دفاع کیا، تاہم اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کی حالیہ پریس کانفرنس درست ہے یا پارلیمان میں کی گئی تقاریر۔ ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم اور ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے غلط تھے، جبکہ آج بھی اگر وہ ملک میں کسی سیاسی شخصیت کی طرف دیکھتے ہیں تو وہ نواز شریف ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا کا قد بہت بڑا ہے، لیکن ان کے اس جملے کہ "کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ” کے باوجود ہم سے سوال کرنے کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف یہ سوال پوچھا تھا کہ طالبانائزیشن کو ایندھن کس نے فراہم کیا اور وہ کس کے طالب علم تھے۔ آخر میں انہوں نے زور دیا کہ ملک کو پہلے امن کی ضرورت ہے، بلوچوں کو قومی دھارے میں لایا جائے اور تمام سیاسی مسائل کے حل کے لیے راؤنڈ ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کی جائے۔
نئے صوبوں پر ریفرنڈم غیر آئینی کیسے، اور 29 چھاؤنیاں جلانے والے سیاسی قیدی کیسے؟ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان

