سیالکوٹ: بیورو رپورٹ — سلیم احمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال اور میونسپل سروسز کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مینیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی مزمل الیاس، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، چیف آفیسر ضلع کونسل زبیر وٹو، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ افتخار گیلانی، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ابرار حسین سمیت متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر یا تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
ڈسکہ کے شہریوں کو معیاری انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، جن کی بلا تعطل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ صفائی ستھرائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ میونسپل کمیٹی ڈسکہ سینی ٹیشن کے نظام کو مزید مؤثر بنائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔


