پشاور انورزیب خان
: حکومتِ خیبرپختونخوا اور صوبے کی عوام کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مسائل کے فوری حل کے لیے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ، ثمر ہارون بلور کے ویژن کے مطابق محکمہ اس وقت "نانوے روزہ منصوبے” پر بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام تک سچی خبر، بروقت آگاہی اور اداروں کے دروازے ہر وقت کھلے رکھنا ہے۔ عوام کی آواز کو پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قائم کردہ خصوصی انفارمیشن سیل کے ذریعے عوام تک مستند اور درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی افواہوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں صحافیوں کے مسائل کا حل، امن کا قیام اور عام آدمی کو ریلیف دینا شامل ہے۔ پشاور سکول کے دلخراش واقعے کے بعد صوبے بھر کے تمام اسکولوں اور مدارس کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اس جامع سروے کے دوران جن چار ہزار تعلیمی اداروں میں مرمت اور تعمیر نو کی ضرورت پائی گئی، وہاں زیر تعلیم طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے متبادل اور مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پولیس فورس کو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہر کو سانس لینے کی جگہ ملے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔
عوام کو شکایات کے ازالے کے لیے دفتری چکروں سے نجات دلانے کی غرض سے تمام متعلقہ اداروں کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل پر یکجا کیا جا رہا ہے، جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا کے ان کے ازالے کی پیشرفت کا خود جائزہ لے سکیں گے۔


