ہنگورجہ (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
سندھ پولیس میں SPD01-2024 کے تحت ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو دو سال گزرنے کے باوجود آفر آرڈرز جاری نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی پیدل مارچ جاری ہے، جو آج ہنگورجہ بائی پاس قومی شاہراہ پر پہنچ گیا۔ یہ احتجاجی مارچ سکھر پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی تک جاری ہے۔
اس موقع پر احتجاج میں شریک امیدواروں نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ طویل عرصے سے آفر آرڈرز کے منتظر ویٹنگ امیدواروں کے تقرر نامے (آفر آرڈرز) فی الفور جاری کیے جائیں تاکہ انہیں ان کا جائز حق اور انصاف مل سکے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو سال سے مسلسل ملازمت کی امید میں دربدر ہیں، لیکن متعلقہ محکمے کی جانب سے تاخیر کی پالیسی کے باعث امیدواروں اور ان کے اہل خانہ میں شدید بے چینی اور مایوسی پھیل چکی ہے۔
امیدواروں نے انتباہ کیا کہ حکومت میرٹ اور قانون کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فوری طور پر روزگار فراہم کرے، بصورت دیگر صوبائی سطح پر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔


