سیالکوٹ (بیورو رپورٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر و انفورسمنٹ صولت حیات وٹو کی زیر صدارت اینٹی سموگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ زیر تعمیر عمارتوں کے وہ مالکان جو تعمیراتی میٹریل کو ڈھانپنے کے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کر رہے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور تحصیل سطح پر میونسپل کمیٹیوں کو فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک کرتے ہوئے تمام خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی اور کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف "زیرو ٹالیرنس” پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے احکامات صادر کیے گئے، تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین نے بھی شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات پاکیزہ بخاری نے ضلع کی ماحولیاتی صورتحال اور انسدادِ سموگ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، لوکل گورنمنٹ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

