سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
ضلع سیالکوٹ کے علاقہ ہیڈ مرالہ میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی ایک روشن اور دل کو چھو لینے والی مثال سامنے آئی ہے، جہاں ایک 600 سے 700 سال پرانا تاریخی مندر آج بھی اسی محبت اور احترام کے ساتھ موجود ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق، اس تاریخی مندر کے احاطے میں ایک قدیم کنواں موجود ہے جسے مقامی ہندو برادری تاریخی طور پر ”شفاء کا کنواں“ مانتی تھی۔ اس مقام کی سب سے دلچسپ اور قابلِ فخر بات یہ ہے کہ اس قدیم مندر کی دیکھ بھال کوئی اور نہیں بلکہ ایک مقامی مسلم خاندان نسل در نسل انتہائی عقیدت اور ذمہ داری کے ساتھ کر رہا ہے، کیونکہ یہ مندر ان کی آبائی زمین پر واقع ہے۔
مقامی سماجی حلقوں نے اس عمل کو پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، باہمی رواداری اور صدیوں پرانی صوفی روایت کی بہترین عکاسی قرار دیا ہے۔ اس مسلم خاندان کا یہ طرزِ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ سیالکوٹ کی دھرتی ہمیشہ سے محبت، بھائی چارے اور امن کا گہوارہ رہی ہے۔


