سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)

پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں 189ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 786 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) نے تربیت مکمل کی، جن میں 675 مرد اور 111 خواتین اہلکار شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آج تربیت مکمل کرکے عملی میدان میں قدم رکھنے والے پولیس اہلکار عوام کے تحفظ اور خدمت کا فریضہ اس انداز میں انجام دیں گے کہ پوری قوم ان پر فخر کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار محکمہ پولیس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، کیونکہ تھانے آنے والے ہر پریشان حال اور متاثرہ شہری کا سب سے پہلے پولیس اہلکاروں سے واسطہ پڑتا ہے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس کو جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ناگزیر ہے۔ پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت اہلکاروں کو کمپیوٹر کی تعلیم بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حکومت سندھ جلد 2 ہزار نئے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز بھرتی کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عملی میدان میں مظلوموں کی داد رسی کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔ سندھ پولیس نے امن و امان کے قیام کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ میری
خواہش ہے کہ پولیس ٹریننگ کالج مزید ترقی کرے اور ایک مثالی ادارہ بنے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی خواہش ہے تاکہ اہلکاروں کو بہتر تربیت اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیر تربیت پولیس اہلکاروں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کے لیے ماہانہ فوڈ الاؤنس 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی کورسز بھی کروائے جائیں گے، کیونکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پولیس کو نئی ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اے ایس آئیز کو پولیس محکمے کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کے باعث سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ کچے کے علاقوں، کراچی اور سندھ بھر کی شاہراہوں پر پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی بہادر پولیس فورس پر فخر ہے اور حکومت پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ادارے کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے 786 اے ایس آئی اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پیش کی گئی۔تقریب سے ایس ایس پی پولیس ٹریننگ کالیج آصف بگھیو نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سیاسی سماجی شخصیتایت نے بھرپور شرکت کی

