دیر بالا (سدیس شیخ – ڈسٹرکٹ رپورٹر)
تھانہ صاحب آباد کی حدود میں واقع علاقے سلطان خیل ملوی میں زمین کے پرانے تنازعے پر دو فریقین کے مابین فائرنگ کا پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) دیر بالا، اسلم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ صاحب آباد، عادل عنایت نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت اور کامیاب کارروائی کی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو دبوچ لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ (آلہِ فائر) بھی برآمد کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور علاقے کا امن و امان خراب کرنے والے کسی بھی عنصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، اور ایسے تمام افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


