واشنگٹن / کولمبیا:امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے انتخاب میں ایک ڈرامائی اور تاریخی موڑ سامنے آیا ہے جہاں امریکی بحریہ سے جبری ریٹائر کی جانے والی 35 سالہ سروس کی حامل نیوی ایڈمرل نینسی لیکور نے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر فتح حاصل کر کے ساؤتھ کیرولائنا سے ایوانِ نمائندگان کا معرکہ اپنے نام کر لیا ہے۔
نینسی لیکور نے ریپبلکن امیدوار جینی کوسٹا ہنی کٹ کو شکست دی، جبکہ یہ نشست اس سے قبل میگا نظریات کی سخت گیر رہنما نینسی میس کے پاس تھی جو اس سال گورنر کے انتخاب میں ناکام رہی تھیں۔
نینسی لیکور، جنہوں نے ہیلی کاپٹر پائلٹ کےعہدے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ترقی کرتے ہوئے ‘چیف آف نیوی ریزرو’ کے عہدے تک پہنچیں، کو اگست 2025 میں پینٹاگون کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ نے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ہیگسیٹھ پر فوج میں خواتین افسران کے خلاف امتیازی سلوک کے شدید الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔
اپنی انتخابی مہم کے دوران کانگریس وومن نینسی لیکور نے پیٹ ہیگسیٹھ کی امریکی وزارتِ دفاع (پینٹاگون) میں انتظامی صلاحیتوں اور خصوصاً ایران کے معاملے پر ان کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی۔
فتح کے بعد اپنے ایک بیان میں نینسی لیکور نے کہا "پیٹ ہیگسیٹھ امریکی تاریخ کے سب سےنا اہل سیکرٹری دفاع ثابت ہوئے ہیں، اور وہ ہماری ملٹری کو جو نقصان پہنچا رہے ہیں اسے ٹھیک کرنے میں دہائیاں لگیں گی۔ انہیں فوری طور پر عہدے سے الگ ہو جانا چاہیے۔”
اس نتیجے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ جنوری میں نینسی لیکور امریکی ایوانِ نمائندگان میں بطور ڈیموکریٹک رکن کانگریس حلف اٹھائیں گی۔ نیوی سے برطرف کی جانے والی وہی خاتون ایڈمرل اب ممکنہ طور پر کانگریسی کمیٹی کے پاس موجود طلبی (Subpoena) کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیٹھ کے مواخذے کی کارروائی میں پیش پیش ہوں گی۔
ساؤتھ کیرولاینا: میٹھا انتقام! پیٹ ہیگسیٹھ کے ہاتھوں برطرف شدہ نیوی ایڈمرل نینسی لیکور نے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی!

