غزہ: امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تمام دعوؤں کے برعکس غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت اور فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جن میں حماس کے چار کمانڈروں سمیت متعدد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
طبی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مغرب میں واقع المواسی اور مشرقی دیر البلاح سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، شدید گولہ باری اور فضائی حملے کیے ہیں۔ ان وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں تباہ اور معصوم شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی غزہ میں کیے گئے حالیہ فضائی حملوں کے دوران حماس کے ارکان اور اہم کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم، بین الاقوامی ثالثی اور جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود زمینی سطح پر جاری خونریزی نے خطے میں امن کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

