انکارہ: (بیورو رپورٹ) ترکیہ میں دلہن کا فوٹو شوٹ اس وقت ایک ڈرامائی اور خوفناک موڑ اختیار کر گیا جب خوبصورت مناظر کی عکاسی کے لیے استعمال کیے جانے والے ہیلئم کے غبارے اچانک دلہن کو زمین سے بلند کر کے ہوا میں لے جانے لگے۔
واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوٹو شوٹ کے دوران دلہن نے ہیلئم سے بھرے ہوئے بڑے اور رنگ برنگے غباروں کا ایک گچھا مضبوطی سے تھام رکھا تھا۔ اسی دوران اچانک ہوا کا ایک تیز جھونکا آیا، جس کی وجہ سے غباروں نے اتنی تیزی سے اوپر کی طرف کھینچا کہ دلہن کے پاؤں زمین سے اٹھ گئے اور وہ چند لمحوں کے لیے فضا میں بلند ہونے لگی۔
خوش قسمتی سے موقع پر موجود فوٹوگرافر اور دیگر افراد نے فوری طور پر پھرتی کا مظاہرہ کیا اور دوڑ کر دلہن کو پکڑ لیا، جس کے بعد بڑی مشکل سے غباروں کی ڈور کو قابو میں کیا گیا اور دلہن کو بحفاظت زمین پر اتارا گیا۔ وقت پر بروقت امداد ملنے کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
یہ خوفناک مگر دلچسپ منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو پر صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں، جہاں ایک طرف لوگ اس واقعے کو سنسنی خیز قرار دے رہے ہیں، وہیں دوسری طرف فوٹو شوٹ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

