سیالکوٹ (بیورو رپورٹ)
ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں ٹک ٹاکر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران شدید بھگدڑ مچنے سے 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریب میں انعامی قرعہ اندازی رکھی گئی تھی، جس میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم کے گیٹ کے باہر جمع تھے۔ جیسے ہی اسٹیڈیم کا گیٹ کھولا گیا، ہجوم میں شامل افراد اندر داخل ہونے کے لیے بے قابو ہوگئے، جس کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد ایک دوسرے کے نیچے آ کر شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔


