کیپ ٹاؤن:
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن کے تاریخی نیولینڈز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں میزبان جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 176 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔میچ کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ مارکس ایکرمین نے شاندار 95 اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں آسٹریلیا نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 429 رنز اسکور کیے اور 100 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ جوش انگلیس نے شاندار سنچری (102 رنز) اسکور کی، جبکہ کیمرون گرین (65) اور ایلیکس کیری (80 رنز) نے بھی نمایاں اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے سائمن ہارمر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگز میں جب جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات کا شکار تھی، تو ریان رکیلٹن (101 رنز) اور ویلم ملڈر (115 رنز) نے ذمہ دارانہ سنچریاں اسکور کرکے میچ کا پسا پلٹ دیا۔ دونوں کے درمیان طویل شراکت داری قائم ہوئی جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 387 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا اور آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف رکھا۔جنوبی افریقہ کے دیے گئے 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقی اسپنر سائمن ہارمر نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے یہ میچ 176 رنز سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ سائمن ہارمر کو ان کی شاندار اسپن باؤلنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔


