دیر بالا (ریاض ابوالخیل بیورو چیف)
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے خصوصی احکامات پر دیر بالا پولیس کی استعداد کار مزید بڑھانے کے لیے جدید اے پی سی (APC)، جیمر پک اَپ، ایمبولینس اور فورک لفٹر فراہم کر دیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے نئی گاڑیوں کی چابیاں ایم ٹی او کے حوالے کیں اور ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سید زمان شاہ خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او دیر بالا نے کہا کہ جدید اے پی سی اور جیمر پک اپ آپریشنز کے دوران جوانوں کی حفاظت، ایمبولینس زخمی اہلکاروں کو بروقت طبی امداد اور ہسپتال منتقلی، جبکہ فورک لفٹر شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں انتہائی معاون ثابت ہوں گے۔بعد ازاں، ڈی پی او دیر بالا نے پولیس ہیڈکوارٹرز میں دیگر سرکاری گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹائرز، انجن، بریکس اور لائٹس سمیت مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے خراب گاڑیوں کی فوری مرمت، باقاعدہ دیکھ بھال اور معیاری سپیئر پارٹس کے استعمال کی سخت ہدایات جاری کیں۔ڈی پی او اسلم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری گاڑیاں قومی امانت ہیں، جن کی حفاظت اور درست استعمال ہر اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پولیس فورس کو جدید وسائل سے آراستہ کرکے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


