لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں تجارتی، اقتصادی اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں زراعت، لائیو اسٹاک، اربن ویسٹ واٹر اور اینرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ پنجاب میں ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنوں کے لیے 180 ملین یورو کے فرانسیسی قرض پر شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے جی ایس پی پلس کو پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے لائف لائن قرار دیتے ہوئے فرانس کی جانب سے یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ کو فرانس کے دورے کی دعوت دی اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو طویل المدتی بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

