اننت پور (آندھرا پردیش): بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے منڈل راپ تاڈو (Raptadu) میں واقع ایک سرکاری ہائی سکول کے اندر سے انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ملزم نے سکول کی عمارت میں داخل ہو کر دسویں جماعت کی طالبہ پر برقی آری (chain saw) سے جان لیوا اور وحشیانہ حملہ کر دیا۔
Horrific attack at Anantapur School: 21-year-old enters classroom with power chainsaw, one girl killed another Injured. the attack took place inside the classroom while a teacher was present and lessons were underway. Police launch a hunt to nab the accused. #AndhraPradesh https://t.co/7HAx3GVNWd
— Ashish (@KP_Aashish) October 31, 2026
ابتدائی اطلاعات اور پولیس کی تحقیقات کے مطابق حملہ آور نے لڑکی کی جانب سے محبت کی پیشکش ٹھکرائے جانے کے بعد انتقاماً اس خوفناک واردات کو انجام دیا۔
برقی آری سے کیے گئے اس بدترین حملے کے نتیجے میں طالبہ کو شدید ترین زخم آئے اور وہ خون میں لت پت ہو گئی۔ سکول انتظامیہ اور مقامی افراد نے فوری طور پر متاثرہ طالبہ کو تشویشناک حالت میں اننت پور گورنمنٹ ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ اس وقت آئی سی یو (ICU) میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
حملے کے فوراً بعد ملزم آلۂ قتل سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
اس لرزہ خیز واقعے کے بعد مقامی شہریوں اور والدین میں شدید اشتعال اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اور حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سکولوں میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ ملزم کو عبرت ناک سزا دی جائے۔

