نواب شاہ (بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)
نواب شاہ میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (SEF) کے ریجنل آفس شہید بینظیر آباد کے زیرِ اہتمام پی ایس پی اسکول سینئر برانچ میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کے دوران سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں تقریری مقابلے، مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور ڈرائنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ان سرگرمیوں میں شہید بینظیر آباد، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا، ایمانداری اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور اظہارِ خیال کی مہارتوں کو بہتر بنانا تھا۔مقابلوں میں طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد میرٹ کی بنیاد پر سات طلبہ و طالبات کو اگلے مرحلے کے مقابلوں کے لیے منتخب کیا گیا، جہاں وہ محکمہ تعلیم اور نجی اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ انتخابی عمل اسکول سطح سے ضلعی اور بعدازاں ڈویژنل سطح تک مرحلہ وار مکمل کیا گیا، تاکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔پروگرام کی قیادت اور نگرانی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ریجنل ہیڈ شہید بینظیر آباد مقبول احمد لغاری نے کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ شہید بینظیر آباد ممتاز علی چانڈیو، ڈسٹرکٹ ہیڈ سانگھڑ نور محمد جوڻيجو اور ڈسٹرکٹ ہیڈ نوشہرو فیروز محبوب علی مگسی بھی موجود تھے۔موجود افسران نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف شعور، ایمانداری اور شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیاں بچوں میں خود اعتمادی، سماجی ذمہ داری اور مثبت سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ان سرگرمیوں کو طلبہ میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے، تعلیمی معیار بہتر بنانے اور باصلاحیت بچوں کو ضلعی و ڈویژنل سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔


