لاہور: صوبائی وزیرِ اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "کسان دوست” اقدامات اور انقلابی ویژن کی بدولت صوبے میں حقیقی معنوں میں زرعی انقلاب آ چکا ہے اور عوام کو تمام فلاحی منصوبے فائلوں یا سوشل میڈیا کے بجائے گراؤنڈ پر ڈلیور ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں زراعت کی ترقی کے لیے جس انداز سے کام ہو رہا ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے دیرینہ مطالبات کو مدِنظر رکھتے ہوئے "کسان بینک” کے قیام کا اعلان اور گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کرنا مریم نواز کا وہ تاریخی فیصلہ ہے جس کی پنجاب کے کاشتکار نمائندوں نے بھی بھرپور انداز میں پذیرائی کی ہے۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے حکومتِ پنجاب کے اہم ترین زرعی و عوامی منصوبوں کا احاطہ کرتے ہوئے کہا پنجاب کی پوری تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں کو 50 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔کسان کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکار براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسانوں پر کامل اعتماد کیا، یہی وجہ ہے کہ کسان کارڈ کی ریکوری کا تناسب 100 فیصد رہا ہے۔کسانوں کو جدت کی طرف لانے کے لیے ٹریکٹرز کے ساتھ ساتھ سپر سیڈرز اور دیگر جدید آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں اور کسانوں دونوں کی یکساں سرپرستی کر رہی ہے:
"ایک طرف اگر پنجاب کے ہونہار نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور تعلیمی سکالرشپس مل رہی ہیں، تو دوسری طرف کسانوں کو ٹریکٹر، سپر سیڈر اور کسان کارڈز دیے جا رہے ہیں۔ یہ مریم نواز کا بدلتا اور ترقی کرتا پنجاب ہے۔ اب ریلیف پیکجز اور فلاحی منصوبے محض فائلوں یا سوشل میڈیا تک محدود نہیں رہتے بلکہ گراؤنڈ پر عملی شکل میں نظر آتے ہیں۔”
انہوں نےپھر دہرایا کہ حکومتِ پنجاب کے ان جامع اقدامات سے صوبے کے کاشتکاروں کی معاشی حالت مضبوط ہو رہی ہے اور یہی پنجاب کی واقعی معاشی ترقی کا ضامن ہے۔
مریم نواز کے اقدامات سے پنجاب میں حقیقی زرعی انقلاب آ چکا ہے: عظمیٰ بخاری

