دبئی: 51 کروڑ روپے کی گاڑی کے بارے میں تو آپ نے سن رکھا ہوگا، لیکن کیا کبھی 51 کروڑ روپے کی صرف ایک "نمبر پلیٹ” کا سنا ہے؟ سنیچر کے روز دبئی میں گاڑیوں کے پرکشش اور ممتاز نمبر پلیٹس کی نیلامی نے دنیا بھر کو حیران کر دیا، جہاں ایک ہی نمبر پلیٹ اربوں کے اثاثے کے برابر قیمت میں فروخت ہوئی۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کی جانب سے منعقد کی جانے والی 121ویں اوپن نیلامی میں کل 60 منفرد نمبر پلیٹس پیش کی گئیں، جن سے مجموعی طور پر 65.721 ملین درہم (تقریباً 4 ارب 97 کروڑ 19 لاکھ پاکستانی روپے) کی ریکارڈ آمدنی حاصل ہوئی۔
سب سے مہنگی اور پرکشش نمبر پلیٹس
نیلامی کے دوران دو سے پانچ ہندسوں والی مختصر اور یادگار نمبر پلیٹس کی بولی میں خریداروں نے بے مثال دلچسپی دکھائی:
CC44: نیلامی کا سب سے مہنگا نمبر ثابت ہوا جو 6.72 ملین درہم (تقریباً 50 کروڑ 84 لاکھ روپے) میں فروخت ہوا۔
BB18: دوسری سب سے بڑی بولی کے ساتھ 6.62 ملین درہم (تقریباً 50 کروڑ 8 لاکھ روپے) میں خریدا گیا۔
BB80: یہ نمبر پلیٹ 5.9 ملین درہم (تقریباً 44 کروڑ 63 لاکھ روپے) میں نیلام ہوئی۔
BB117: یہ منفرد نمبر پلیٹ 10 لاکھ درہم سے زائد (تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زیادہ) کی رقم حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
دبئی میں یہ نمبر پلیٹس صرف ایک قانونی ضرورت نہیں بلکہ مالکان کی ذاتی پسند، انفرادیت اور معاشرتی حیثیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ مختصر اور یادگار نمبرز کی شدید مانگ کی وجہ سے خریدار ان کے لیے خطیر رقم ادا کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
آر ٹی اے (RTA) حکام کے مطابق یہ نتائج ثابت کرتے ہیں کہ ان کی نیلامی کی حکمتِ عملی، جو شفافیت اور غیر جانب داری کے اصولوں پر مبنی ہے، انتہائی کامیاب رہی ہے۔
اماراتی اخبار دی نیشنل کے مطابق، دبئی میں نجی اور ممتاز نمبر پلیٹس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے "مزال” (Mazal) نامی نیا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے۔
کیا آپ گاڑی سے زیادہ مہنگی نمبر پلیٹ خرید سکتے ہیں؟ دبئی میں CC44 کی پلیٹ ریکارڈ رقم میں نیلام!

