واشنگٹن: وال اسٹریٹ جرنل کی ایک سنسنی خیز رپورٹ کے مطابق امریکہ نے خلیجی عرب ممالک کو خبردار کر دیا ہے کہ وہ 3 نومبر کے مڈ ٹرم انتخابات کے فوراً بعد ایران کے خلاف ایک "مختصر اور انتہائی شدید عسکری کارروائی” کے لیے تیار رہیں۔
سفارتی اور فوجی ذرائع سے بھیجے گئے اس پیغام کو امریکی اور اسرائیلی فوج کے اس مشترکہ منصوبے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد ایران کے عسکری اور ایٹمی بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا کر اسے دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔ امریکہ کی جنگی تیاریاں عروج پر ہیں اورپینٹاگون نے اس متوقع تنازع کے پیش نظر خطے میں اپنی فوجی موجودگی میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس سے پیٹریٹ میزائل ڈیفنس بیٹری کی مشرقِ وسطیٰ میں منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔ ممکنہ ایرانی جوابی حملوں سے بچنے کے لیے امریکی فوجیوں کو غیر محفوظ اڈوں سے منتقل کیا جا رہا ہے۔ بارود کی منتقلی کے ساتھ بمبار طیارے اور جنگی جیٹس کسی بھی وقت حملے کے لیے تیار ہیں، جبکہ اگلے ماہ مزید ایک ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ اور میرین مہم جوئی یونٹ خطے میں موجود 20 امریکی جنگی جہازوں میں شامل ہو جائیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگرچہ حتمی فیصلے کا باضابطہ تصدیق نامہ جاری نہیں کیا، لیکن وہ انتخابات کے بعد ایران کی ایٹمی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے پر بڑے حملے کی جانب مائل نظر آتے ہیں۔ٹیکساس کے شہر لبک میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کھلم کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا:”آپ آئندہ چند ہفتوں میں ایران کا انجام دیکھ لیں گے۔ ہم نے ‘آپریشن مڈنائٹ ہیمر’ اور ‘آپریشن ایپک فیوری’ کے ذریعے ایران کی ایٹمی صلاحیتوں اور افزودگی کو تباہ کر دیا تھا اور انہیں عسکری و مالی طور پر شکست دی تھی۔ یہ سب بہت جلد ختم ہونے والا ہے، اور اگر میں چاہوں تو یہ کھیل اسی وقت ختم ہو سکتا ہے۔”
وائٹ ہاؤس نے اس حساس عسکری منصوبے پر کسی بھی تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ "صدر ٹرمپ نے ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے روکنے کے لیے تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔”یاد رہے کہ رواں برس فروری میں امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کا آغاز کیا تھا جس کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل بند کر کے علاقائی ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے۔ جون میں ہونے والا امن معاہدہ بھی تنازعات کی وجہ سے ناکام ہو چکا ہے اور اب خطہ ایک اور بڑی و خوفناک جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے
3 نومبر کے بعد ایران پر تباہ کن حملے کا پلان فائنل، امریکا نے خلیجی ممالک کو بڑے فوجی آپریشن کے لیے الرٹ کر دیا!

