لندن :برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس نے امریکی ایئر بیس آر اے ایف فیئر فورڈ (RAF Fairford) پر پیش آنے والے واقعے کے سلسلے میں دو افراد پر قومی سلامتی قانون کے تحت سنگین الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
حکام کے مطابق دہری برطانوی اور ایرانی شہریت رکھنے والے 24 سالہ محمد عبدالکریم پر ایرانی خفیہ ایجنسی کی معاونت کا الزام لگایا گیا ہے، جبکہ 24 سالہ برطانوی شہری نعمان اصغر پر مملکت کے مفادات کے منافی مقصد کے لیے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جنوب مغربی انگلینڈ کے علاقے گلوسٹرشائر میں واقع یہ ایئر بیس امریکی بمبار طیاروں کے استعمال میں رہی ہے۔ واقعے کے بعد 27 ستمبر کو کارروائی کرتے ہوئے نعمان اصغر کو ایئر بیس کے باہر سے جبکہ محمد عبدالکریم کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ مزید 6 افراد کو ضمانت پر رہا کر کے تحقیقات جاری رکھی گئی ہیں۔
برطانیہ میں امریکی اڈے پر ممکنہ حملہ کیس: ملوث دو افراد پر فرد جرم عائد

