چکوال ( مہتاب نصیر اعوان سے)
مزدلفہ ٹاؤن میں مدرسہ سعد بن ابی وقاص کے قریب گھر کی چھت پر موجود لوہے کا جنگلہ بجلی کی تاروں سے ٹچ ہو جانے کے باعث ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئیں۔ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو اطلاع ملی کہ مزدلفہ ٹاؤن میں گھر کی چھت پر لگا لوہے کا جنگلہ بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں کے ساتھ چھونے سے دو خواتین شدید کرنٹ کی زد میں آ گئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قریبی موٹر بائیک ریسکیو سروس اور ایمبولینسز کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے بجلی کی سپلائی منقطع کروائی اور خواتین کا معائنہ کیا۔ بدقسمتی سے دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں اور بجلی کے شدید جھٹکے کے باعث ان کے جسم جھلس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے دونوں میتوں کو ڈیڈ باڈی شیٹس میں منتقل کر کے ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال چکوال پہنچا دیا۔جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت:زوجہ محمد سعید (عمر 28 سال، ساکن محلہ یاسر آباد)زوجہ حسن سجاد (عمر 32 سال، ساکن محلہ یاسر آباد)ریسکیو حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں، بالخصوص بجلی کی تاروں کے قریب لوہے کے جنگلوں، گریلوں اور دیگر دھاتی ڈھانچوں کی تنصیب اور مرمت کے دوران انتہائی احتیاط برتیں تاکہ اس طرح کے ناگہانی اور قیمتی جانوں کے ضیاع جیسے حادثات سے بچا جا سکے۔


