پشاور: خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں 75 فیصد سے لے کر 120 فیصد تک اضافہ کردیا گیا نوٹی فیکیشن جاری۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے تحت جنوبی اور ضم اضلاع کے نازک اور حساس خطوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد الاؤنس دیا گیا ہے جبکہ صوبے کے دیگر تمام آباد اضلاع کے اہلکاروں کے لیے 100 فیصد الاؤنس کی تجویز شامل ہے۔
ہزارہ ریجن کے پولیس اہلکاروں کو 75 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس ملا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی فراہمی پر ماہانہ بنیادوں پر 5 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات آئیں گے، جو فرنٹیئر فورسز کے جذبے کو بلند رکھنے کے لیے انتہائی ضروری قرار دیے گئے ہیں۔
یادرہے پختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے خطے میں دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے اور فورس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، لیکن بجٹ کی شدید کمی کے باعث فورس کو جدید نگرانی کے آلات، حفاظتی سامان اور جدید ترین اسلحے کی قلت کا سامنا ہے۔


