عمرکوٹ (بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
کنری کے قریب واقع گاؤں صوبو خان چانڈیو کی رہائشی بیوہ خاتون مجیدہ چانڈیو نے کنری پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بااثر افراد کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں اور اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔متاثرہ بیوہ خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی برادری کے کچھ بچے (جن میں ان کا کم عمر بچہ بھی شامل تھا) گھاس کاٹنے کے لیے گھر کے قریب واقع کھیت میں گئے تھے۔ انہوں نے اپنے بچے کو دوسرے بچوں کے ساتھ گھاس کاٹنے سے منع کیا، جس پر گاؤں کے بعض بااثر افراد مشتعل ہوگئے۔مجیدہ چانڈیو نے الزام عائد کیا کہ بااثر افراد سہیل چانڈیو اور شعیب چانڈیو نے اپنے گھر کی خواتین کے ہمراہ ان پر اور ان کے اہلِ خانہ پر لاٹھیوں اور مکوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کی جانب سے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور سنگین دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔متاثرہ بیوہ خاتون نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لے کر نامزد بااثر افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


