نواب شاہ (بیورورپورٹ: نفیس آرائیں)
نواب شاہ کے علاقے حسینی روڈ کے رہائشی عبدالمجید ولد عبداللہ بلوچ نے نواب شاہ پریس کلب میں اپنی والدہ اور بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تھانہ بی سیکشن پولیس پر مبینہ طور پر ہراساں کرنے، رقم لینے اور بلاجواز گرفتاری کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔عبدالمجید بلوچ نے بتایا کہ وہ محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہے اور اپنی بیماری کے علاج کے لیے رقم جمع کرتا ہے۔ ان کے مطابق، پولیس اہلکاروں کی جانب سے انہیں مسلسل پریشان کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ بھی شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔انہوں نے قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر اپیل کی کہ ان کا کسی غیرقانونی سرگرمی یا متعلقہ افراد سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے انہیں بلاوجہ کسی جھوٹے مقدمے میں ملوث یا گرفتار نہ کیا جائے۔متاثرہ محنت کش عبدالمجید بلوچ نے اعلیٰ پولیس حکام اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور اگر ان کے خلاف کوئی باضابطہ شکایت یا مقدمہ ہے تو قانون کے مطابق شفاف کارروائی کی جائے۔


