پشاور:انورزیب خان سے
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے ایسے تمام اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا سخت حکم جاری کر دیا ہے جو عمارتوں کی مخدوش اور خستہ حال حالت کی وجہ سے طلبہ اور اساتذہ کی جان کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق، حالیہ بارشوں اور طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث متعدد سرکاری اسکولوں کی عمارتیں خطرناک ہو چکی ہیں، جن کی چھتیں اور دیواریں گرنے کا شدید خدشہ ہے۔ اسی پیش نظر بچوں اور اساتذہ کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم نے متعلقہ اضلاع کے ضلعی حکام اور ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے علاقوں میں ایسے مخدوش اسکولوں کی نشاندہی کریں اور وہاں موجود طلبہ کو قریبی محفوظ اسکولوں یا متبادل مقامات پر منتقل کریں تاکہ بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی بلا تعطل جاری رہے اور کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔


