نواب شاہ (بیورو رپورٹ: نفیس آرائیں)
نواب شاہ کے قریب بحریہ ٹاؤن کے مقام پر دو ڈمپرز کے درمیان پیش آنے والے ایک خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد تباہ شدہ گاڑی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیم کو ایک گھنٹے سے زائد طویل اور مشکل ترین آپریشن کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے قریب دو ڈمپرز شدید رفتار کے باعث آپس میں ٹکرا گئے، جس سے دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور چار افراد اس حادثے کی زد میں آ گئے۔ تصادم کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد بعض مسافر اور ڈرائیور بری طرح تباہ شدہ گاڑی کے ملبے میں پھنس گئے، جنہیں فوری طور پر نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 ڈی ایچ کیو شہید بینظیر آباد کو اطلاع دی گئی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ تاہم، جائے وقوعہ پر شدید ٹریفک اور گاڑی کے پچیدہ ڈھانچے میں پھنسے افراد کو نکالنا ایک بڑا چیلنج بن گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہائیڈرولک کٹر، اسپریڈر اور دیگر جدید آلات کی مدد سے امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔مسلسل ایک گھنٹے سے زائد کی جدوجہد کے بعد چھ ریسکیو اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے تمام ضروری حفاظتی آلات کا استعمال کرتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کو کامیابی کے ساتھ باہر نکال لیا۔


