اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے بانی سیکریٹری جنرل، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے جنرل نعمان محمود کو مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے مکہ امن معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مملکت کی سلامتی و استحکام کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
سرکاری میڈیا پر شائع ہونے والی خبروں کی مطابق ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل مکہ ڈیفنس الائنس نے وزیراعظم کو معاہدے کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کے فروغ، مشترکہ صلاحیتوں میں اضافے اور رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے سے متعلق حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔
’سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘: شہباز شریف کی مکہ اتحاد کے سیکرٹری جنرل جنرل نعمان سے ملاقات

