نیو جرسی:
آسیب، بھوت یا مافوق الفطرت مخلوق کا وجود ایک ایسی بحث ہے جس پر ہر فرد کی اپنی سوچ اور رائے ہوتی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کہاں واقع ہے؟ایک معروف جرمن رینٹل کار کمپنی ‘سکسٹ’ (Sixt) کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں اس خوفناک سڑک کے بارے میں حیرت انگیز انکشافات کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ویسٹ ملفورڈ میں واقع ‘کلنٹن روڈ’ (Clinton Road) کو دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار دیا گیا ہے۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب اس سڑک کو یہ منفرد (اور خوفناک) اعزاز حاصل ہوا ہے۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ امریکہ کی چند ایسی سڑکوں میں شامل ہے جن کے بارے میں پچھلی ایک صدی سے زائد عرصے سے پراسرار اور مافوق الفطرت کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ اس سڑک کا جنگل سے جڑا ہوا 10 میل کا طویل حصہ تاریکی چھانے کے بعد انتہائی خوفناک اور ہولناک محسوس ہونے لگتا ہے۔مقامی افراد اور مسافروں کے مطابق اس سڑک پر کئی بار ایسی پراسرار روشنیاں دیکھی گئی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے اچانک غائب ہو جاتی ہیں، اور یہاں پیش آنے والے پرسرار واقعات نے لوگوں کے دلوں میں خوف بٹھا رکھا ہے۔دنیا بھر میں اس سڑک کو سرِ فہرست رکھنے کے لیے ماہرین نے جدید ذرائع کا سہارا لیا۔ اس مقصد کے لیے گوگل اور ٹک ٹاک کے سرچ ٹرینڈز کے ڈیٹا کا گہرائی سے تجزیہ کیا گیا، اور اس کے نتائج کا تقابل 2023ء سے 2025ء کے دوران دنیا بھر میں شائع ہونے والی آسیب زدہ سڑکوں کی فہرستوں سے کیا گیا، جس کے بعد کلنٹن روڈ کو سرفہرست قرار دیا گیا۔

