پشاور (انورزیب خان)
قومی وطن پارٹی (QWP) کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس وطن کور پشاور میں صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کو درپیش سنگین مسائل، بدامنی اور حکومت کی ناکام پالیسیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں 17 اکتوبر کو پارٹی کا یومِ تاسیس شایانِ شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی تقریب وطن کور پشاور میں ہوگی، جبکہ ڈویژنل سطح پر بھی خصوصی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی عروج پر ہے، جبکہ مہنگائی اور معاشی بدحالی نے عوام کا جینا دوبرابر کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو تحفظ اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے محض سیاسی محاذ آرائی اور احتجاجی سیاست میں مصروف ہے۔یوریا کھاد پر عائد پابندی کو کسان دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کوہاٹ اور جنوبی و ضم اضلاع میں حالیہ بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کوہاٹ دھماکے کے شہداء پیکج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سویلین اور عوامی املاک کے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل کی سربراہی میں ‘رابطہ عوام مہم کمیٹی’ تشکیل دی گئی۔مرکزی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان کی سربراہی میں ‘یومِ تاسیس تیاری کمیٹی’ قائم کی گئی جو انتظامات کی نگرانی کرے گی۔قومی وطن پارٹی نے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے کے حقوق، پائیدار امن، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



