مٹیاری (عامر علی انڑ)
مٹیاری ضلع میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران 4 جرائم پیشہ ملزمان اور ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، ہالا میں روشن پیراڈائز کے قریب پولیس کارروائی کے دوران 3 مشتبہ ملزمان جمن شاہ، شادی خان اور بلاول کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی دوست علی ڈاہری فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو دبوچ لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بغیر لائسنس پسٹل، کلہاڑی، لاٹھی اور موٹر سائیکل برآمد کر کے ہالا تھانے میں دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔دوسری کارروائی میں نیو سعید آباد کے علاقے واھ موری کے قریب پولیس نے بغیر لائسنس رائفل اور دو گولیوں سمیت ملزم محبوب رند کو گرفتار کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔علاوہ ازیں، مٹیاری میں درگاہ عابس پیر کے قریب کارروائی کے دوران مبینہ منشیات فروش فیاض ملاح کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 100 مین پوڑیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


