عمرکوٹ (بیوروچیف: ڈاکٹر ایم لال واگھانی) عمرکوٹ کی تحصیل کنری کے تعلقہ اسپتال میں مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی اور اسپتال کی حدود میں ہی ادویات و انجیکشنز جلائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کنری تعلقہ اسپتال آنے والے مریضوں کو اسپتال سے ادویات فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر باہر کے میڈیکل اسٹورز سے خریداری کی پرچیاں تھما دی جاتی ہیں۔ دوسری جانب اسپتال کی حدود میں ہی مختلف اقسام کی ادویات اور انجیکشنز کو آگ لگائے جانے کا منظر سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں پھیلنے والے دھوئیں اور تعفن سے قریبی رہائشیوں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر یہ ادویات مریضوں کے علاج کے لیے اسپتال کو فراہم کی گئی تھیں تو انہیں اس طرح کھلے عام جلانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کیا یہ ادویات زائد المیعاد (Expired) ہو چکی تھیں، یا پھر کسی غیر قانونی عمل کو چھپانے کے لیے تلف کی جا رہی تھیں؟ نیز، اگر ادویات واقعی تلف کی جا رہی تھیں تو کیا اس کے لیے محکمہ صحت کے مقررہ طریقۂ کار پر عمل کیا گیا؟
علاقہ مکینوں اور مریضوں نے اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ صحت سے معاملے کی فوری وضاحت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور اسپتال میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


