لاہور: لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے ہائی پروفائل کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے سہولت کاری کے الزام میں ایک اور خاتون ’مسکان‘ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ مسکان کو ایک پوش علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ غیر ملکی لڑکی اور مسکان کی جوہر ٹاؤن کے ایک کیفے میں بیٹھنے کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں دونوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی اس کیفے سے جوہر ٹاؤن کے راستے سندر کے علاقے میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی تک گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث دو مرکزی ملزمان محسن اور علی پہلے ہی قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں، جبکہ تیسرے ملزم تنویر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب، تفتیش کے دوران متاثرہ لڑکی کے دونوں قیمتی موبائل فونز تاحال برآمد نہیں کیے جا سکے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
لاہور غیرملکی خاتون زیادتی کیس: اہم سہولت کار خاتون ’مسکان‘ بھی گرفتار، کیفے کی سی سی ٹی وی تصاویر بھی سامنے آگئیں

