-
جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر کروڑوں کی اراضی ہتھیا لی گئی، متاثرہ شہری کی وزیراعلیٰ اور آئی جی سے اپیل
-
ماموں کانجن (ملک طارق بشیر ):
جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر اور ذہن ماؤف کر کے میری کروڑوں روپے مالیت کی 15 کنال 8 مرلے زرعی اراضی منتقل کروا لی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب مداخلت کر کے میری ہتھیائی گئی اراضی واپس کروائیں اور دھوکے باز گروہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔
ان خیالات کا اظہار تھانہ ماموں کانجن کے گاؤں 507 گ ب رتن گڑھ کے رہائشی خالد ظہور آرائیں نے سی پی او فیصل آباد اور مقامی تھانہ میں درخواست دینے کے بعد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خالد ظہور نے بتایا کہ فیصل آباد کے رہائشی سمیع اللہ خان نے علی عمران، علی فرحان اور علی شبان (ساکنان 199 گ ب مرید والا) سے ساز باز کر کے دو سال قبل اسے اغوا کیا اور نامعلوم مقام پر ایک گھر میں محبوس رکھا۔ اس دوران ملزمان اس کی سخت نگرانی کرتے رہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر خائف کرتے رہے۔ جب اس کا دل خوفزدہ اور ذہن ماؤف ہو گیا تو ملزمان نے دھوکہ دہی اور متعلقہ رجسٹرار کو ساتھ ملا کر چک 507 گ ب رتن گڑھ میں واقع اس کی 15 کنال 8 مرلے زرعی اراضی اپنے نام منتقل کروا لی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اراضی منتقل کرانے کے بعد ملزمان کچھ عرصہ تک رقم کی ادائیگی کا آسرا دیتے رہے لیکن آج تک ایک پھوٹی کوڈی بھی نہیں دی اور کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر رہا کر دیا۔ ملزمان نے دھوکہ دہی سے اس کی کروڑوں روپے مالیت کی زرعی اراضی ہتھیا کر انتہائی زیادتی کی ہے۔
متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب، آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او فیصل آباد تنویر احمد سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ اس سے ہتھیائی گئی اراضی واپس دلائی جائے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دریں اثناء، امیدوار نمبردار عامر حمید سمیت دیگر کئی دیہاتیوں نے بھی خالد ظہور آرائیں کے ساتھ ہونے والی اس دھوکہ دہی کی تصدیق کی ہے۔
ماموں کانجن: اغوا اور بلیک میلنگ کے ذریعے اراضی کی جعلی منتقلی، دھوکے باز گروہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ


