جیکب آباد (رپورٹ بیوروچیف)
جیکب آباد میں تھانہ آباد کی حدود بچل واہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا مبینہ ڈاکو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، جبکہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچل واہ کے قریب مسلح افراد نے شہری حافظ قبول بنگلانی سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر اشتیاق احمد پٹھان پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔
گاؤں عارف مارفانی کے قریب پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ذوالفقار مارفانی نامی مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے چار ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ذوالفقار مارفانی اور شہری حافظ قبول بنگلانی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زیرِ علاج مبینہ ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ذوالفقار مارفانی اقدامِ قتل، پولیس مقابلے اور مسلح ڈکیتی سمیت مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف تھانہ آباد، جہان واہ، جگيز عرف ہمایوں، صدر جیکب آباد اور ضلع شکارپور کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دیگر چاروں ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے بروقت کارروائی اور ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او تھانہ آباد انسپکٹر اشتیاق احمد پٹھان سمیت پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

